عرب میں طوفانی بارشیں، کئی مقامات پر طغیانی آ گئی مکہ کی ایک اہم شاہراہ کو بند کر دیا گیا، کئی مقامات پر چٹانیں گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں، مزید کئی روز بارشیں جاری رہیں گی

ریاض سعودی عرب میں گزشتہ روز سے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ جس کے باعث کئی وادیاں اور نشیبی علاقوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ جبکہ بارش کے باعث مکہ کی ایک اہم سڑک الھدا روڈ بھی بند کر دی گئی ہے، جو طائف اور مکہ کو ملاتی ہے۔ اس روڈ پر کئی مقامات پر بھاری چٹانیں بھی آ گری ہیں، جس سے کئی گاڑیاں حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی سعودی عرب کے سات علاقوں میں گرد الود ہوائیں چلنے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی ان میں مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، حائل، الجوف، باحہ اور عسیر کے علاقے شامل ہیں۔ جبکہ رات کے وقت شدید دھند بھی چھائی رہے گی۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے چار روز کے دوران خراب موسم کی صورت میں گھروں سے بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر موسم کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اطلاع دی جاتی رہے گی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *