شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، چار دہشتگرد ہلاک سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دو سپاہی بھی شہید ہو گئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں سیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس کے نتیجے میں چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران دو سپاہی بھی شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔سیکیورٹی فورسز کے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں نائب صوبیدار امین اللہ اور سپاہی شیر زمین شہید جبکہ 4 جوان زخمی ہوگئے۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، بارودی سرنگ کے حملوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔خیال رہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دو روز قبل پاک افغان بارڈر پر لوئر دیر کے قریب آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے تھے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اور گرینیڈ برآمد کیے گئے تھے۔ جبکہ گذشتہ ماہ 24 جنوری کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں خفیہ آپریشن کیا جس کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *