حکومت پنجاب نے اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا

حکومت نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا

لاہور کے 26، راولپنڈی کے15، ملتان کے7، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی کے علاقے شامل ہیں، اسمارٹ لاک ڈاوَن کورونا سے زیادہ متاثر علاقوں میں لگایا گیا۔ سیکرٹری ہیلتھ کیئر پنجاب

لاہور- حکومت نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا، لاہور کے 26، راولپنڈی کے 15،  ملتان کے7، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی کے علاقے شامل ہیں، اسمارٹ لاک ڈاوَن کورونا سے زیادہ متاثر علاقوں میں لگایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر  پنجاب کے مختلف علاقوں میں 8 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈاوَن کا نافذ کردیا ہے۔
لاہور کے 26، راولپنڈی کے 15،  ملتان کے7، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے3 اور میانوالی کے 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن لگا دیا گیا۔ اسی طرح لیہ کے 5، سرگودھا کے 4، گوجرانوالہ کے 3، فیصل آباد کے4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کردیا گیا ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے شدید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن لگایا جا رہا ہے۔ ان علاقوں میں گروسری اسٹورز،آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپ صبح 9 تا شام 7 بجے کھل سکیں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح 7 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، کورونا کیسز کی میرپورمیں سب سے زیادہ شرح 24 فیصد سے بھی زیادہ ہے، حیدرآباد 22 فیصد اورکراچی میں یہ شرح 18 فیصد سے زیادہ رپورٹ ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں وزارت صحت حکام نے کورونا وباء کے پھیلاؤ اور کیسز کی حالیہ بریفنگ میں بتایا  کہ پاکستان میں کورونا کیسزکی شرح 7.1 فیصد ہے، میرپور میں کورونا کیسز کی شرح سب سے زیادہ 24.84 فیصد، حیدرآباد دوسرے نمبر پر جہاں یہ شرح 22.18 فیصد جبکہ کراچی  میں  کورونا کیسز کی شرح 18.96 فیصد ہوگئی ہے۔
مزید برآں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹ کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 829 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185 ہو گئی ہے۔ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید تیتالیس افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 985 ہو گئی ہے۔ این سی او سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2 ہزار 186 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 47 ہزار 390 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 257 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 810 ہوگئی۔ کورونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 54 لاکھ 75 ہزار 508 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کیسز مثبت آنے کی شرح 7 فی صد ہوگئی ہے۔  

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *